لکھنؤ، 21/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے اتر پردیش کی یوگی حکومت پر آؤٹ سورسنگ کے ذریعے تقرریوں کے فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ہوگا کہ بی جے پی اپنی پوری حکومت کو ہی آؤٹ سورس کر دے، تاکہ کمیشن اور حساب کتاب کا تمام معاملہ ایک ہی جگہ طے ہو جائے۔
میونسپل کارپوریشن گورکھپور نے 18 نومبر کو تحصیل دار، نائب تحصیل دار، ریونیو انسپکٹر اور اکاؤنٹینٹ جیسے اہم عہدوں پر آؤٹ سورسنگ کے تحت تقرریوں کے لیے ایک اشتہار جاری کیا تھا۔ کارپوریشن نے اس اقدام کو کام کے بڑھتے ہوئے بوجھ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سبکدوش ملازمین اور افسران کو ان عہدوں پر مقرر کیا جائے گا۔
اکھلیش یادو نے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آؤٹ سورسنگ ’پی ڈی اے‘ یعنی پسماندہ، دلت اور اقلیتوں کے خلاف ایک سازش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی حکومت اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لے اور ریزرویشن کا آئینی حق نہ چھینے۔ انہوں نے اس اقدام کو ان طبقات کے معاشی اور سماجی حقوق کے خلاف چال قرار دیا۔
اکھلیش یادو نے اس سے قبل بھی آؤٹ سورسنگ کے ذریعے بھرتیوں کی مخالفت کی ہے اور اسے حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت، ریزرویشن کے حقوق کو ختم کرکے سماجی انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
دریں اثناء، اکھلیش یادو نے ضمنی انتخابات کے اختتام کے بعد ریاست کے عوام کے نام ایک خط بھی جاری کیا۔ انہوں نے بی جے پی کی منفی سیاست اور طاقت کے استعمال کے باوجود عوام کے حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ 90 فیصد آبادی کے حقوق کی جنگ ’پی ڈی اے‘ کی جیت کا آغاز ہے۔